مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ اور پاکستان کے متوقع وزیراعظم عمران خان نے ایوان صدر کے بجائےعوام کےدرمیان حلف اٹھانے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔ 25 جولائی کوہونےوالے عام انتخابات کےنتیجے میں پاکستان تحریک انصاف قومی اسمبلی کی 115 نشستوں کے ساتھ سب سےآگے رہی ہے اورمرکز میں حکومت بنانے کی پوزیشن میں آگئی ہے جس کے بعد پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان پاکستان کے اگلے وزیر اعظم ہوں گے۔
وزارت عظمیٰ کا حلف ایوان صدر میں لیاجاتا ہے اور صدر مملکت نومنتخب وزیر اعظم سے ان کے عہدے کاحلف لیتے ہیں، تاہم چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نئی مثال قائم کرنے کے خواہشمند ہیں۔ عمران خان نے وزارت عظمیٰ کا حلف ایوان صدر میں نہیں بلکہ عوام کے درمیان اٹھانے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق تحریک انصاف کی مرکزی قیادت نے عمران خان کی اس تجویز کی حمایت کی ہے، تاہم عمران خان وزارت عظمیٰ کا حلف کہاں اٹھائیں گے اس بات کا تاحال فیصلہ نہیں ہوسکاہے۔ ذرائع کے مطابق عمران خان اسلام آباد کے مشہور ڈی چوک پر حلف اٹھاسکتے ہیں جب کہ پریڈ گراؤنڈ سمیت دیگر آپشنز بھی زیرغور ہیں۔
آپ کا تبصرہ